بنگلورو،18/ اپریل(ایس او نیوز) شہر کے شیواجی نگر اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار رضوان ارشد نے پیر کے روز اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ شہر کے کوئنس روڈ پر واقع ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچ کر انہوں نے کانگریس کے سابق کارپوریٹرس شکیل احمد، وسنت کمار، کرشنے گوڑا اور دیگر کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر کو اپنے کاغدات سونپے۔ اس سے قبل انہوں نے شیواجی نگر علاقے میں ایک بہت بڑے جلوس کا اہتمام کیا۔ سمپنگی رام نگر کے گنیش مندر، شیواجی نگر کے سینٹ میری بسلیکا چرچ اور پھر درگاہ حضرت کمبل پوشؒ میں حاضری دینے کے بعد رضوان نے اپنا پرچہ داخل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انتخابات میں اپنی کامیابی کا یقین ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کی ترقی کے لئے انہوں نے جو کام کیا ہے، آنے والے دنوں میں وہی ان کے لئے کامیابی کا ضامن بنے گا۔